امریکا کا پاکستانی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی رپورٹس پر اظہارِ تشویش
امریکا کا پاکستانی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی رپورٹس پر اظہارِ تشویش
واشنگٹن:(ویب ڈیسک) امریکا نے پاکستانی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور ہم اس معاملے کو بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق امریکی نیشنل سیکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے وائٹ ہاؤس میں پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پاکستانی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات کی خبروں پر تشویش ہے، رپورٹس میں دھمکیوں اور ووٹرز کو دبانے کا ذکر ہے۔ ۔
جان کربی نے کہا کہ معاملے کو بہت قریب سے دیکھا جا رہا ہے، ووٹوں کی گنتی ابھی جاری ہے، بین الاقوامی مبصرین بھی مشاہدہ کر رہے ہیں۔
گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے پریس بریفنگ کے دوران پاکستان میں انتخابی دھاندلی کے الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انتخابات مسابقتی تھے، ایسے الزامات کی تحقیقات دنیا میں کہیں بھی ہونی چاہئیں، ہم ان الزامات کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے رہیں گے۔